22 دسمبر، 2022، 2:28 PM

ایران میں "موساد" کی 4 آپریشنل ٹیموں کے کارندے گرفتار

ایران میں "موساد" کی 4 آپریشنل ٹیموں کے کارندے گرفتار

ایران کی وزارت انٹیلیجنس نے ملک میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد سے جڑی 4 آپریشنل ٹیموں کے کارندوں کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کرلیا ہے۔

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں ایران کی وزارت انٹیلی جنس نے اعلان کیا کہ انٹیلی جنس فورسز کی چوبیس گھنٹے اور سخت کوششوں کے بعد موساد کی جاسوسی ایجنسی سے وابستہ 4 آپریشنل ٹیموں کا سراغ لگایا گیا اور ان کے تمام ارکان کو گرفتار کر لیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غاصب صہیونی مجرم حکومت نے گزشتہ ہفتوں کے دوران ہونے والے حالیہ فسادات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی اور اپنی آپریشنل ٹیموں کو ہدایات جاری کر کے ایران کے کئی علاقوں میں متعدد ہائبرڈ دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن تمام دہشت گردوں کو کوئی کارروائی کرنے سے پہلے ہی گرفتار کر لیا گیا۔

ایرانی وزارت سراغ رسانی نے یہ بھی اعلان کیا کہ اس نے ایک یورپی ملک میں موجود موساد کے سرغنہ کا سراغ بھی لگایا ہے اور اس بارے میں بھی معلومات حاصل کی ہیں۔ بیان کے مطابق مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے فوراً بعد منظر عام پر لائی جائیں گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی 18 دسمبر کو ایران کی وزارت انٹیلی جنس نے اعلان کیا تھا کہ اس نے ایک جاسوسی نیٹ ورک کے ارکان سراغ لگا کر گرفتار کر لیا ہے جو فرنٹ کمپنیوں اور سکیورٹی مارکیٹنگ کے ذریعے ملک کی دفاعی صنعت کو سبوتاژ کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ ایران کی انٹیلی جنس فورسز نے موساد کے جاسوسی نیٹ ورک کی جانب سے ایران کی دفاعی صنعتوں کے ساتھ تعاون کرنے والی ایرانی نالج بیسڈ کمپنیوں سے معلومات اکٹھی کرنے کی سازش کا پردہ فاش کیا۔

واضح رہے کہ ایران گزشتہ ہفتوں کے دوران غیر ملکی حمایت یافتہ فسادات کا اکھاڑا بنا ہوا ہے۔ بلوائی اور فسادی عناصر ان مظاہروں کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو ایک نوجوان ایرانی خاتون مہسا امینی کی پولیس کی حراست میں ستمبر کے وسط میں ایک واقعے میں موت کے بعد سامنے آئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق نوجوان خاتون کی موت ان کی بیماری کے نتیجے میں تھی، نہ کہ ایرانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کسی غلطی سے۔

در ایں اثنا موساد نے گزشتہ چند مہینوں میں اپنی جاسوسی کی سرگرمیوں میں اضافہ کیا اور ملک بھر میں دہشت گردانہ حملوں اور پرتشدد فسادات کی حمایت کر کے ایران کے خلاف ایک خفیہ جنگ میں ملوث رہی ہے۔

جبکہ ایران کے دشمن خاص طور پر غاصب اسرائیل اور امریکہ بھی ایران کی دفاعی صنعت کی جاسوسی اور اسے سبوتاژ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
 

News ID 1913782

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha